دمشق،10؍ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا) شام کے صوبے دیر الزور میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ایک کمانڈر نے ہفتے کے روز بشار الاسد کے ہمنوا ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ایران، روس اور بیرونی جنگجوؤں کی دلیری کوسراہتے ہوئے انہیں فاتح قراردیاہے۔حزب اللہ کمانڈر الحاج ابومصطفی نے باورکرایاکہ اگر دیر الزورمیں شامی ، روسی اور ایرانی بہادران نہ ہوتے تو وہاں حاصل ہونے والی کامیابی کسی طورپربھی ممکن نہیں ہو سکتی تھی۔ابومصطفی نے بشار حکومت کی فوج کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اس امر کی تصدیق کی کہ وہ حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصراللہ کے مطالبے پر میڈیا کے سامنے اعلانیہ طور پر نمودار ہوا ہے۔ اس نے باور کرایا کہ حزب اللہ کے عناصر شام کی پوری سرزمین پر موجود ہیں۔ابومصطفی جو دیر الزور میں حزب اللہ کا زمینی کمانڈر بتایا جاتا ہے ، اس نے "بیرون سے آنے والی تمام فورسز کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ حزب اللہ دیر الزور صوبے میں داخل ہونے والی اُن مختلف شہریتوں کی حامل غیر ملکی ملیشیاؤں کی ایک بڑی تعداد میں سرفہرست تھی جن کو ایران بشار الاسد کے حق میں لڑنے کے لیے شام لے کر آیا۔